لاہور، 2 نومبر (اے بی سی): چھاتی کے سرطان سے آگاہی اور بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے باغ جناح میں سالانہ تقریب ’’ہیمل پنکٹوبر 2026ء‘‘ منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
اسپورٹس اِن پاکستان کے زیر اہتمام ہفتے کی صبح منعقدہ تقریب میں واک، دوڑ اور سائیکلنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر 40 سال سے زائد عمر کی خواتین میں مفت میموگرافی کے کوپن بھی تقسیم کیے گئے۔
انمول ہسپتال، کینسر کیئر ہسپتال، فاطمہ میموریل ہسپتال اور حمید لطیف ہسپتال نے آگاہی اور طبی رہنمائی کے اسٹالز قائم کیے، جہاں طبی ماہرین نے شرکاء کو چھاتی کے سرطان کی علامات، بروقت تشخیص اور علاج سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
تقریب میں ینگ گرلز سائیکلنگ کلب کی درجنوں خواتین نے بھی شرکت کی۔ شرکاء کے لیے 20 کلومیٹر سائیکلنگ، 10 کلومیٹر دوڑ، پانچ کلومیٹر دوڑ اور واک کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ڈسٹنس سیریز کے شرکاء کے لیے 30 کلومیٹر کا چیلنج رکھا گیا تھا۔
پانچ کلومیٹر دوڑ اور واک میں مختلف عمروں اور جسمانی استعداد کے افراد نے حصہ لیا۔ شرکاء کو خصوصی ٹی شرٹس فراہم کی گئیں، جبکہ مقررہ فاصلے مکمل کرنے والوں میں میڈلز تقسیم کیے گئے۔ تقریب صبح ساڑھے چھ بجے شروع ہوئی۔
اس موقع پر ہیمل فارماسیوٹیکلز کے ڈاکٹر عثمان امین بٹ، جناح ہسپتال کی ڈاکٹر فریحہ شیخ اور انمول ہسپتال کی رافع عثمان نے کہا کہ اس مہم کا مقصد بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا، چھاتی کے سرطان کا مقابلہ کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے ذریعے اس مرض سے صحت یاب ہونے والی خواتین کی حوصلہ افزائی اور زندگی کی بازی ہارنے والی خواتین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام میں شعور بیدار کرکے اور خواتین کو بروقت طبی معائنے کی ترغیب دے کر قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

