اسلام آباد۔29اکتوبر (اے بی سی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے 11 مئی 2026 کو کاغذی کارروائی سے پاک آن لائن تصدیقی نظام کے آغاز کے بعد سے ڈگریوں کی تصدیق کے 73,146 کیسز نمٹائے ہیں جن میں مجموعی طور پر 139,021 تعلیمی دستاویزات شامل ہیں۔
ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق آن لائن نظام کے ذریعے درخواست گزار ایچ ای سی کے دفاتر جائے بغیر یا اپنی اصل دستاویزات بھجوائے بغیر ڈگریوں کی تصدیق کرا سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد گریجویٹس کے لیے تصدیقی عمل کو تیز، آسان اور زیادہ قابل رسائی بنانا ہے۔نئے طریقہ کار کے تحت ایچ ای سی الیکٹرانک تصدیقی سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے جسے درخواست گزار اپنے آن لائن ڈیش بورڈ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
ان سرٹیفکیٹس کی تصدیق کمیشن کے سرکاری ویریفکیشن پورٹل کے ذریعے بھی کی جا سکتی ہے جس سے تصدیق شدہ دستاویزات کی اصلیت جانچنے کے لیے ڈیجیٹل سہولت میسر آ گئی ہے۔آن لائن نظام کے فعال ہونے کے بعد سے 139,021 تعلیمی دستاویزات کی تصدیق اس نظام کے تحت انجام دی جانے والی کارروائیوں کے حجم کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ سہولت خصوصاً ان گریجویٹس کے لیے اہم ہے جنہیں ملازمت، مزید تعلیم اور دیگر پیشہ ورانہ یا انتظامی مقاصد کے لیے تصدیق شدہ تعلیمی دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے۔کاغذی کارروائی سے پاک یہ نظام درخواست گزاروں کو درخواست کا پورا عمل آن لائن مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرکے دستاویزات کی روایتی طریقوں سے وصولی اور ترسیل پر انحصار بھی کم کرتا ہے۔
یہ طریقہ کار ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور انتظامی کارروائیوں کو آسان بنانے کی وسیع تر کوششوں میں بھی معاون ثابت ہو رہا ہے۔

