اسلام آباد۔30 اپریل (اے بی سی):وفاقی حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2026-27 کے تحت دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے لیے تقریباً 1.17 ارب روپے کے نئے کھیلوں کے ترقیاتی منصوبے تجویز کیے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق اسلام آباد کے وفاقی سکولوں اور کالجوں میں جسمانی سرگرمیوں کے فروغ اور جدید کھیلوں کی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد منصوبے آئندہ مالی سال کے منصوبے میں شامل کیے گئے ہیں۔
ایک اہم منصوبے میں 15 فٹسال گراؤنڈز کی تعمیر شامل ہے جس کی تخمینہ لاگت 359.986 ملین روپے ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے 225 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، حکومت وفاقی تعلیمی اداروں میں 50 ای سپورٹس لیبارٹریز قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کی لاگت 229.650 ملین روپے ہے جو ڈیجیٹل اور مسابقتی گیمنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
اس منصوبے کے لیے 2026-27 میں 200 ملین روپے رکھنے کی تجویز ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 10 پیڈل کورٹس کی تعمیر کے لیے 126.804 ملین روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کے لیے 100 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، سکولوں اور کالجوں میں 500 سپورٹس سائیکلز کی فراہمی کے لیے 87.559 ملین روپے لاگت رکھی گئی ہے جس کے لیے آئندہ سال 50 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
مجوزہ منصوبے وفاقی تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتے ہیں جو منظوری و عملدرآمد کے بعد نوجوانوں کی شمولیت، ٹیلنٹ کے فروغ اور جسمانی صحت میں بہتری میں مددگار ثابت ہوں گے۔
