اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی ) نے وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 2,200 سے زائد مدارس کے طلبہ کو تکنیکی تربیت فراہم کی ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 2,480 مدارس کے طلبہ کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں میں داخل کیا گیا، جن میں سے 2,219 طلبہ نے تربیت مکمل کرنے کے بعد کامیابی حاصل کی۔پنجاب سب سے آگے رہا جہاں 1,315 طلبہ نے پروگرام میں داخلہ لیا، جن میں سے 1,255 نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی۔

خیبر پختونخوا دوسرے نمبر پر رہا، جہاں 779 طلبہ نے حصہ لیا اور 610 طلبہ نے پروگرام مکمل کیا۔اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی ) میں 325 طلبہ نے پروگرام میں حصہ لیا، جن میں سے 293 نے اپنی تربیت مکمل کی۔ سندھ میں 39 طلبہ نے تربیت حاصل کی اور تمام طلبہ کامیاب رہے جبکہ بلوچستان میں 22 طلبہ کو داخل کیا گیا اور تمام شرکاء نے تربیت مکمل کرتے ہوئے 100 فیصد کامیابی حاصل کی۔وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے حالیہ برسوں میں اپنے تربیتی دائرہ کار میں نمایاں توسیع کی ہے۔ مالی سال 2024-25 کے دوران سب سے زیادہ 131,417 افراد کو تکنیکی تربیت فراہم کی گئی۔

مالی سال 2022-23 میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے 51,948 افراد کو تربیت دی جبکہ مالی سال 2023-24 میں 37,616 افراد اس پروگرام سے مستفید ہوئے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران اب تک 76,525 افراد کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جو فنی تعلیم اور مہارتوں کے فروغ میں مسلسل پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔مدارس کے طلبہ کے لیے اس تربیتی اقدام کا مقصد انہیں جدید معیشت کے دھارے میں شامل کرنا ہے تاکہ انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کی جا سکے۔

اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔یہ اقدام ملک میں ہنر مند افرادی قوت کو مضبوط بنانے اور صنعت پر مبنی تربیتی پروگراموں کے ذریعے بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔