پاکستان میں Best of ASCO 2026 کا انعقاد، عالمی سطح پر کینسر کے علاج کی تازہ ترین پیش رفت پاکستانی ماہرین تک پہنچانے کی کوششپاکستان میں Best of ASCO 2026 کا انعقاد، عالمی سطح پر کینسر کے علاج کی تازہ ترین پیش رفت پاکستانی ماہرین تک پہنچانے کی کوشش

لاہور، 30 اگست: سوسائٹی آف میڈیکل آنکولوجی پاکستان (SMO-P) کے زیر اہتمام Best of ASCO 2026 کانفرنس نشاط ہوٹل لاہور میں منعقدکی گئی جس میں پاکستان اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے معروف ماہرینِ امراضِ سرطان نے شرکت کی۔
کانفرنس کا مقصد امریکن سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی (ASCO) کے سالانہ اجلاس 2026 میں سامنے آنے والی کینسر سے بچاؤ، تشخیص اور علاج کے حوالے سے تازہ ترین عالمی طبی پیش رفت اور تحقیقی شواہد کو پاکستان کے طبی ماہرین تک پہنچانا اور انہیں مقامی سطح پر مریضوں کے علاج میں بروئے کار لانے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔کانفرنس کے منتظمین کے مطابق پاکستان جیسے کم اور متوسط آمدنی والے ملک میں کینسر کے علاج کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں ماہرین تک غیر مساوی رسائی، جدید علاج اور ادویات کی دستیابی اور نئے علاج متعارف کرانے میں مشکلات شامل ہیں۔اجلاس میں جدید کینسر ادویات تک مساوی رسائی، نئے علاج کے طریقہ کار، کثیرالجہتی کینسر کیئر، کینسر کے مریضوں میں حفاظتی ٹیکوں اور کلینیکل ریسرچ میں ہونے والی پیش رفت کو روزمرہ طبی عمل کا حصہ بنانے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Best of ASCO 2026 میں ASCO 2026 کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے گئے اہم ترین تحقیقی اعداد و شمار پر بھی خصوصی توجہ دی گئی تاکہ پاکستانی آنکولوجسٹس جدید شواہد کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ یہ سمجھ سکیں کہ نئی طبی پیش رفت کو پاکستانی مریضوں کے علاج میں کس طرح مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کانفرنس میں نوجوان ماہرینِ امراضِ سرطان کے لیے عالمی ماہرین کے ساتھ براہِ راست تبادلے کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں Meet the Experts، پینل ڈسکشنز، تعلیمی پروگرامز اور RECON ONCO-thon سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ہیمل فارماسیوٹیکلز کے ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد صرف بین الاقوامی ماہرین کو پاکستان لانا نہیں بلکہ جدید ترین طبی علم کو ان مریضوں کے قریب لانا ہے جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ محدود وسائل اور کینسر کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے پیش نظر مسلسل طبی تعلیم اور جدید علاج تک رسائی پاکستان میں کینسر کیئر کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ Best of ASCO 2026 کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ مقصد امریکا میں ہونے والے ASCO اجلاس کو من و عن دہرانا نہیں بلکہ دنیا میں کینسر کے علاج کے حوالے سے سامنے آنے والے اہم ترین نئے شواہد کو پاکستان تک پہنچانا اور یہ دیکھنا ہے کہ ملکی صحت کے نظام کی موجودہ صورتحال اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پیش رفتوں کو پاکستانی مریضوں کے لیے بہتر کینسر کیئر میں کس طرح تبدیل کیا جا سکتا ہے۔